ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بی بی ایم پی میٹنگ میں جعفر شریف، اننت کمار اور امبریش کی تعزیت

بی بی ایم پی میٹنگ میں جعفر شریف، اننت کمار اور امبریش کی تعزیت

Thu, 29 Nov 2018 01:20:45    S.O. News Service

بنگلورو،28؍نومبر(ایس او نیوز) حال ہی میں دنیا سے رخصت ہونے والے سرکردہ قائدین سی کے جعفر شریف ، امبریش اور اننت کمار کو آج برہت بنگلور مہانگر پالیکے کی میٹنگ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریباً ایک گھنٹہ تاخیر سے شروع ہوئی میٹنگ میں حکمران پارٹی کے لیڈر ایم شیوراجو نے تعزیتی قرار داد پیش کی۔ کارپوریٹروں نے تینوں قائدین کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ اور ان کی خوبیوں کو سراہا۔ تینوں رہنماؤں کی یاد میں میٹنگ کے دوران ایک منٹ کی خاموشی کا اہتمام کیاگیا اور اس کے بعد تعزیتی قرار داد کو منظور کرتے ہوئے میئر گنگامبیکے نے کارروائی کل تک ملتوی کردی۔ شیوراجو نے تعزیتی قرار داد پیش کرتے ہوئے 2018 کے ماہ نومبر کو ایک سیاہ مہینہ قرار دیتے ہو ئے کہاکہ مہینے کے آغاز میں اننت کمار رخصت ہوئے، جبکہ 24 اور 25 نومبر کو امبریش اور جعفر شریف نے آخری سانس لی، انہوں نے کہاکہ ریاست میں جو بھی حکومت ہو اننت کمار ، مرکز میں کرناٹک کے نمائندہ بن کر مسلسل جدوجہد کرتے رہے۔ بحیثیت وزیر ریلویز سی کے جعفر شریف کی کرناٹک کے لئے نمایاں خدمات کو انہوں نے زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہاکہ امبریش نے مختصر مدت کے لئے مرکزی وزارت سنبھالی اور کاویری تنازعے کے سبب انہوں نے وزارت سے استعفیٰ دے دیا۔ اپوزیشن لیڈر پدمانابھا ریڈی نے بھی تینوں رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہر کی ترقی کے لئے اننت کمار کی خدمات کو یاد کیا اور کہاکہ فلمی دنیا کے ساتھ سیاست میں خوب نام کمانے والی شخصیت امبریش حالانکہ ہر ایک سے صیغۂ واحد میں مخاطب ہوتے لیکن ان کا یہ طرز تخاطب محبت بھرا ہوتا ۔ جعفر شریف کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اقلیتی طبقے کے مقبول ترین قائد ہونے کے ساتھ جعفر شریف نے آر ایس ایس کے ساتھ انتہائی خوشگوار روابط رکھے تھے یہ ان کی سکیولر ذہنیت کا عکاس ہے۔ 
 


Share: